چنڈی گڑھ،27اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) ہریانہ میں مسلسل دوسری باروزیراعلیٰ بنے منوہر لال کھٹر نے دیوالی کے موقع پر دارالحکومت چنڈی گڑھ میں حلف لیا۔ان کے علاوہ جننایک جنتا پارٹی کے لیڈر دشینت چوٹالہ نے نائب وزیراعلیٰ کاحلف لیا ہے۔کرنال سے رکن اسمبلی منوہر لال کھٹرایک دور میں سنگھ کے پرچارک رہے ہیں۔2014 میں ہریانہ میں بی جے پی کی جیت کے بعد پارٹی نے غیر متوقع طورپرانہیں سی ایم کے عہدے پر بٹھایا تھا۔منوہر لال کھٹر اور دشینت چوٹالہ کو گورنر ستیہ نارائن آریہ نے عہدے اور رازداری کاحلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب کے دوران ایک سوال کے جواب میں دشینت کے والد اجے چوٹالہ نے کہا کہ ایک باپ کے لئے اس سے اچھا موقع کیا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کچھ بھی کہہ سکتی ہے، لیکن یہ حکومت پورے 5 سال استحکام سے ہریانہ کی ترقی کے لئے کام کرے گی،اس سے اچھی کوئی دیوالی نہیں ہو سکتی۔اس موقع پر ایک دلچسپ چیز دیکھنے کو ملی۔حلف لینے کے لئے جا رہے دشینت چوٹالہ نے اسٹیج پر موجود اکالی دل کے سربراہ اور پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ پرکاش سنگھ بادل کے پاؤں چھوکرآشیرواد لیا۔اس پر بادل نے انہیں گلے لگا لیا۔اس دوران اسٹیج پرسابق وزیراعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈااوردشینت کے والداجے چوٹالہ بھی موجودتھے۔بتا دیں کہ پرکاش سنگھ بادل اوردشینت چوٹالہ کے دادا اوم پرکاش چوٹالہ کی گہری دوستی رہی ہے۔مانا جا رہا ہے کہ دشینت کی پارٹی جے جے پی کو بی جے پی کے خیمے میں لانے میں پرکاش سنگھ بادل کااہم کرداررہاہے۔حلف برداری کی تقریب میں ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ جے رام ٹھاکراوراتراکھنڈکے وزیراعلیٰ ترویندرسنگھ راوت بھی پہنچے۔